حکومت نے مینار پاکستان میں پانی چھوڑ دیا، مریم نواز کا الزام: میدان کھلا ملے گا، بھاگنے نہیں دینگ، شہباز گل

لاہور ( نیوز رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار‘نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) نے لاہور جلسہ روکنے کیلئے حکومت پر مینار پاکستان گرائونڈ پر پانی چھوڑنے کا الزام لگا دیا ہے۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کردی اور کہا کہ حکومت کے پاؤں اکھڑ گئے ہیں اور جان نکل چکی ہے۔ یہ نہ صرف تابعدار خان کا خوف ہے بلکہ حکومت ختم ہونے کا یقین ہے۔ وہ جانتا ہے وہ جا رہا ہے۔ انشاء اللہ جلسہ بھی ہو گا اور حکومت گھر بھی جائے گی۔ باقی انتظارکیجئے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا کہ آپ کے جلسے میں تین دن باقی ہیں۔ آپ چاہتے ہیں گھاس جل جائے۔ آپ کو جلسے کیلئے مینار پاکستان کھلا ملے گا۔ بھاگنے نہیں دینگے۔  مریم نوازنے کہا حکومت اب خود جانے والی ہے۔ اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہے ہیں۔ یہ عوام کی تحریک ہے۔ اسلام آباد روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 13 دسمبرکو لاہور جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے۔ قانون اور آئین کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں۔  لوگ مہنگائی‘  بیروزگاری اور لاقانونیت سے تنگ آئے ہوئے ہیں۔ لوگ پی ڈی ایم میں اور نوازشریف میں اپنی نجات دیکھ رہے ہیں۔ کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ ایک جلسے کی وجہ سے 3,3 ہزار افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہو۔ انہوں نے ہم پر  اتنی ایف آئی آرز قائم کر دی ہیں کہ اب ہمیں کسی ایف آئی آر کو خوف ہی نہیں ہے۔ میری گرفتاری کی صورت میں اس تحریک کی قیادت عوام کریں گے۔ یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے اور انہیں ریلیف دلانے کی  تحریک ہے‘ جو اب اس حکومت کو گھر بھیج کے ہی دم لے گی۔لاہورسے خصوصی نامہ نگار کے مطابق وائس چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور حافظ ذیشان رشید نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر اپوزیشن کے جلسہ میں رکاوٹ ڈالنے کا مسلم لیگ (ن) کا الزام بے بنیاد ہے۔ مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر جھوٹے پراپیگنڈا کا  سہارا لیکر قوم کو بے وقوف بنانا چاہتی ہے۔ حکومت یا پی ایچ اے کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی چھوڑنے کی ضرورت نہیں۔ اپوزیشن کے سیاسی پروگرام میں روڑے نہیں اٹکائیں گے۔  125ایکڑ پارک میں 2کنال پر پانی لگایا گیا جو روٹین کا کام ہے۔ گزشتہ روز لگایا جانے والا پانی آج دوپہر تک خشک ہو جائے گا۔ بلال یاسین  مینار پاکستان آئے اور انہوں نے مینار پاکستان پر چڑھنے کی ضد کی۔ انہیں بتایا گیا کہ کسی کو مینار پاکستان پر چڑھنے کی اجازت نہیں۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر پی ایچ اے اور حکومت کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا شروع ہو گیا۔ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ 13دسمبر کو جلسہ ناکام ہو گا، اسی لئے وہ پراپیگنڈا کا سہارا لے رہی ہے۔علاوہ ازیں ٹویٹ میں شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے ریاست اور عدلیہ احکامات کے برعکس، لاہور جلسہ ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن