اماراتی سفارتخانہ کا دورہ‘ ویزوں کا معاملہ طے ہوگیا: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)  وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور قائم مقام سفیر راشد عبدالرحمن آل علی سے ملاقات کی۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات اور عالم اسلام، عالم عرب کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ قائم مقام سفیر راشد عبد الرحمن نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کے دورہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جو روز و شب مضبوط ہو رہے ہیں۔ دورہ کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات دو بھائیوں کے تعلقات ہیں۔ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام بہت عزیز ہے اور پاکستان عالم عرب اور عالم اسلام کے درمیان پیدا ہونے والے تمام مسائل کا حل باہمی مذاکرات اور مفاہمت سے چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزوں کے حوالہ سے معاملات طے ہو گئے ہیں۔ مشیر وزیر اعظم زلفی بخاری اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے لیبر کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ وزارت خارجہ اور وہ خود متحدہ عرب امارات کے ذمہ داران کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ دوستی کے درمیان کوئی بھی قوت حائل نہیں ہو سکتی۔ افواہوں سے گریز کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن