اسلام آ باد (وقائع نگار خصوصی)سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اکنامک زون اور سی پیک سے کاروباری مواقع فراہم ہوں گے جبکہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا رشکئی اکنامک زون کا افتتاح جلد کردیا جائے گا، ڈیر ہ اسماعیل خان موٹروے اور سی پیک کے دیگر منصوبوں پر جلد کام مکمل ہوجائے گا۔ منگل کو اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی جس میں سی پیک کے تحت خیبرپختونخواہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکرقومی اسمبلی نے کہا سی پیک منصوبہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، خیبرپختونخواہ میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، رشکئی اکنامک زون سے علاقے میں عوام کو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اکنامک زون اور سی پیک سے کاروباری مواقع فراہم ہوں گے، سی پیک سے تجارت کے ساتھ سفری سہولیات بھی میسر ائے گی۔ ملاقات میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا رشکئی اکنامک زون کا افتتاح جلد کردیا جائے گا، ڈیرا اسماعیل خان موٹروے اور سی پیک کے دیگر منصوبوں پر جلد کام مکمل ہوجائے گا۔
سی پیک ملکی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، اسد قیصر
Dec 09, 2020