سیالکوٹ شہر کےلئے جامع منصوبہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا،وزیراعظم

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر کو پانی ، عوامی پارکس اور سیوریج کے منصوبوں کی شدید ضرورت تھی ، سیالکوٹ شہر کےلئے جامع منصوبہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا، قومیں تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں ترقی سے ہی کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں، دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، ہمیں حالات کے مطابق خود کو بدلنا ہو گا۔سیالکوٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے عوامی فلاحی کاموں پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور بڑی محنت کے ساتھ وہ پنجاب کے ہر بڑے شہر میں ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں، اب سیالکوٹ شہر کےلئے 17ارب روپے کا سپیشل پیکج دے رہے ہیں، پیکج سے شہر کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کو پانی ، عوامی پارکس اور سیوریج کے منصوبوں کی شدید ضرورت تی جبکہ سیالکوٹ شہر کےلئے جامع منصوبہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک بھر کے ہر شہر کا ماسٹر پلان بنایا جائے، جہاں پر عوامی ضروریات کی تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومیں تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں ترقی سے ہی کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں جبکہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، ہمیں حالات کے مطابق خود کو بدلنا ہو گا، آج کا زمانہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مسابقت کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتوں اور برآمدات کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر محیط انڈسٹریل زون کے قیام کی تجویز پر حکومت عملدرآمد کرے گی، انڈسٹریل زون سے تمام انڈسٹریل شہروں کو جوڑنے کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بنکوں سے کم شرح سود میں قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اور مزدوروں اور کم آمدنی والوں کے لئے نیا پاکستان ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کے تحت گھر بھی فراہم کئے جارہے ہیں، جس کی تکمیل جلد مکمل ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن