لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے تین رکنی سکیورٹی وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر اجلاس کے دوران بریفنگ لی۔وفد میں بنجامن کارل اولیور، گرینڈن جیرارڈ اور سٹورٹ اینڈریو بیلی شامل ہیں۔ اجلاس میں آسٹریلین سکیورٹی وفد، پی سی بی اور رینجرز حکام، کمانڈنٹ ایس ایس یو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے وفد کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور خاص طور پر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے میچز سے متعلق کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا جبکہ کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے نیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے متوقع میچز کے تناظر میں ایئرپورٹ، سٹیڈیم، شاہراہوں اور ہوٹل پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔وفد نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانیوالے ممکنہ کرکٹ میچوں کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وفد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لے گا۔
آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی وفد کا دورہ ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز
Dec 09, 2021