لاہور (خصوصی نامہ نگار)الازہر الشریف مصر اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈسیرت سٹڈیز کے درمیان علمی اشتراک کے حوالے سے ایوانِ اوقاف میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سیکرٹری اوقاف پنجاب نبیل جاوید ،ڈائریکٹرجنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ،الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی ، الشیخ ابوالخیر زوار حسین نعیمی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس میں الازہر الشریف مصر کی طرف سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈسیرت سٹڈیز کے لیے تعلیمی وتدریسی پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر قرآنی تدریس بالخصوص قرأت ، سیرتِ طیبہ جس میں بطور خاص ریسرچ، تصوف ،جس میں سلاسل طریقت اور شیوخ وغیرہ کے باہمی دورہ جات اور عربی زبان وادب کی تدریس اور ترویج بطورِخاص شامل ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ جامعۃ الازہر مصر عالم اسلام کا عظیم علمی مرکز ہے ،انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈسیرت سٹڈیز کے ساتھ اس کا اشتراک خطّے کے لیے تعلیمی اور تحقیقی حوالے سے گراں قدر اہمیت کا حامل ہوگا۔