کسی کا قتل بدترین گناہ کبیرہ ہے: مذہبی سکالرز، ماہرین تعلیم 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام3 روزہ ٹریننگ ورکشاپ کے دوسرے روز لیکچرز دیتے ہوئے مذہبی سکالرز اور ماہرین تعلیم نے کہاکہ کسی انسانی جان کا قتل بدترین گناہ کبیرہ ہے۔ حضور نبی اکرم ؐنے فرمایا قیامت کے دن لوگوں کے درمیان سب سے پہلے خون ریزی کا فیصلہ ہو گا۔ مصطفوی تعلیمات میں سیالکوٹ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ٹریننگ ورکشاپ کے دوسرے روز فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر علامہ محمد فاروق رانا،ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر، سید عبد الرحمن بخاری،ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی،ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی،موٹیویشنل سپیکر اظہار الحق،ماسٹر ٹرینر عمران بھٹی، علامہ مرتضیٰ علوی،علامہ عین الحق بغدادی نے معلم کے اوصاف،ادارہ جاتی استحکام،انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے نجات،اخلاقیات،فن اظہار و بیان،عربی زبان کے قواعد کے موضوعات پر لیکچرز دئیے۔محمد فاروق رانا نے اپنے لیکچر میں کہا کہ ائمہ و محدثین اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بے گناہ شخص کی جان لینے والا شخص جہنم میں جائے گا اور اسے کوئی معافی نہیں ملے گی۔ موٹیویشنل سپیکر اظہار الحق نے اپنے لیکچر میں کہا کہ حال ہی میں ہاورڈ یونیورسٹی میں ایک سٹڈی کی گئی ہے جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو قومیں وقت کی قدر کرتی ہیں ان کے رویے معتدل پائے گئے اور وہ محنت پر یقین رکھتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن