اسلام آباد (ِخبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے کراچی میں فضائی دفاع کے زمینی نظام(GBAD) کے ذریعے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں (SAMs) کی کامیاب فائرنگ کرتے ہوئے حربی تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ امیرالبحر کو پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی شمولیت سے دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لئے جاری پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے سیل بٹالین ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں سپیشل سروس گروپ نیوی نے مختلف ٹیکنیکل مشقوں کے ساتھ فائر پاور کا مظاہرہ کیا جس میں غیر مسلح لڑائی، طیاروں کی ہائی جیکنگ کے خلاف آپریشنز، یرغمالیوں کو بچانے کے آپریشنز اور چھاپہ مار مشقیں شامل تھیں۔ قبل ازیں چیف آف دی نیول سٹاف نے کریکس میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کریکس ایریا کا دورہ بھی کیا۔ نیول چیف کو کریکس ایریاز کے دفاع کے لیے حربی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ امیر البحر نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے پر سراہا۔