لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر اعلیٰ آفس کا اچانک دورہ کیا۔ دفاتر میں افسروں اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے فائل ورک اور سمریوں کی ڈسپوزل کا جائزہ لیا اور سمریوں کو جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس آنے والی فائلوں پر قواعد و ضوابط کے تحت فی الفور کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کانفرنس روم کا بھی دورہ کیا اور سٹاف میٹنگ کے شرکاء سے ایجنڈے پر بات چیت کی۔ سیکرٹری امپلی منٹیشن، ایڈیشنل سیکرٹری کمیونیکیشن اور دیگر افسرو ں کے دفاتر کو چیک کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے دفتری اوقات کی پابندی اور نظم وضبط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ وزیر اعلیٰ آفس کے افسروں اور سٹاف کو دیگر محکموں کے افسروں اور عملے کے لئے مثال بننا ہو گا۔ عوام کے مسائل کے فوری حل کیلئے دفاتر کے اچانک دورے جاری رکھوں گا اور افسروں کو پبلک سروس ڈلیوری کو یقینی بنانا ہو گا۔ ڈپٹی سیکرٹری آفس میں موجود ارکان اسمبلی اور دیگر شخصیات نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی اچانک آمد پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات کا اتفاق کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے کیس پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ ذمہ دار قانون کے تحت سخت سزا کے حقدار ہیں۔ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے نویں اجلاس میں لاہور کیلئے واٹر میٹرزکی خریداری، تنصیب اور آپریشن اینڈ مینٹیننس پراجیکٹ کیلئے ٹیکنیکل اور فنانشل بڈز کا جائزہ لیا گیا اور اصولی منظوری دی گئی۔ عثمان بزدار نے بنگلہ دیش کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے اور سیریز میں کلین سویپ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔