نئے ججز میرٹ پرفیصلہ کریں ، انصاف کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ بہترین انصاف کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہمیں عام سائلین کی فلاح کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں سول و ایڈیشنل سیشن ججز کی پری سروس ٹریننگ مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے کہا کہ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے نئے ججز کو بہترین تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ عدالتوں میں بیٹھ کر جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے جوڈیشل افسران کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کورس مکمل کرنے والے ججز فیلڈ میں بہترین کام کریں۔ فریقین کو تحمل سے سنیں اور دیانتداری کے ساتھ میرٹ پر فیصلے دیں۔ یہی ہمارا اولین مقصد ہے۔ قبل ازیں اکیڈمی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشترعباس نے تربیتی  اغراض و مقاصد، سرگرمیوں پر مکمل بریفنگ دی۔ تربیتی کورس مکمل کرنے والے ججز کی نمائندہ سول جج نمرہ سلیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تربیتی کورس کے دوران اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی، جسٹس شاہد جمیل خان اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشتر عباس نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے ججز میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ملتان سے سپیشل رپورٹرکے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی آج متوقع طور پر ملتان پہنچیں گے۔ وہ 12 دسمبر تک ملتان میں قیام کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن