نئے بلدیاتی نظام کے تحت ہر گاﺅں میں مقامی حکومت بنے گی : میاں محمود الرشید 


لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچانا اصل نیکی ہے اور ریسکیو 1122 کے ملازمین و رضاکار یہ کام قابل فخر انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز ریسکیو 1122اکیڈیمی میں رضاکاروں کے بین الاقوامی دن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، ریسکیو 1122 کے سربراہ ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے۔ سری لنکا سے آئے مہمان مسٹر سدھانتھا رانا سنگھے، اقوام متحدہ کے پاکستان میں ہیومنیٹیرین افیئرز کے سربراہ مسٹر مارٹن تھامس اور ترکی سے آئے مسٹر مہمت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔میاں محمود الرشیدنے کہا کہ ریسکیو 1122 جیسے ادارہ بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ تمام رضاکاروں کو محکمہ بلدیات کی جانب سے بھرپور مالی و تکنیکی معاونت فرا ہم کریں گے۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ہر گاو¿ں میں مقامی حکومت بنے گی لہذا ہم ہر گاو¿ں میں ریسکیو 1122 کے تعاون سے ان رضاکاروں کو سہولت دیں گے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ عوام کی رضاکارانہ خدمت ہی زندگی کی اصل روح ہے۔ میاں محمود الرشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ مسلسل 30 سال سے عوام کی رضاکارانہ خدمت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب کی 5 ہزار یونین کونسلوں کیلئے سوا لاکھ رضاکار تیار کر چکے ہیں جو ہنگامی حالات میں مقامی متاثرین کو ریسکیو کی امداد فراہم کریں گے۔


 وزیر بلدیات نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل رضاکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ 

ای پیپر دی نیشن