لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا فلسطینیوں اور کشمیریوں کو انصاف دلوائے، اسلام امن، سلامتی اور عدل کا نام ہے۔ ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کیلئے انتہا پسند اور دہشت گرد اسلام کا نام انتہا پسندی اور دہشت گردی سے جوڑ رہے ہیں۔ اسلام اس طرح کے جرائم سے بری ہے۔ ماسکو میں عالمی اسلامی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اور مسلمانوں کے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو جس طرح نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ دعوت دیتا ہے کہ ہم اسلام کے پیغام امن کو مزید قوت اور طاقت کے ساتھ پھیلائیں۔ دنیا کو بتائیں کہ اسلام سلامتی کا دین ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے ساتھ فلسطین اور کشمیر میں جو سلوک ہو رہا ہے‘ وہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔