لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے عالمی انسدادِ بدعنوانی ڈے کے حوالہ سے الحمراء آرٹس کونسل میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ دیگر مہمانوںِ میں تسنیم نورانی، ڈاکٹر اصغر ندیم، وائس چانسلر گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج پروفیسر ڈاکٹر کنول، سیکرٹریز، میڈیا نمائندگان، اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل علی سرفراز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 9 دسمبر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ مختلف طبقہ فکر کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے کرپشن کے خلاف اجتماعی مزاحمت کے عزم کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ کرپشن کے ملکی معیشت پر اثرات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فیٹف (FATF) کی گرے لسٹ سے نکلوانے میں نیب کا کلیدی کردار رہا ہے۔ کرپشن کے تدارک کیلئے نیب کی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب نے کرپشن کے سدباب کیلئے آگاہی، تدارک و انفورسمنٹ کی سہ جہتی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جس کے مطابق نیب وائٹ کالر کرائمز کی شناخت، تحقیقات اور ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے مناسب اقدامات اختیار کرتا ہے۔ نیب لاہور کے ان اقدامات سے ابتک لگ بھگ 51 ہزار متاثرین کو3 ارب 70 کروڑ روپے کی ریکوری کی صورت میں مالی فائدہ پہنچایا گیا ہے۔