گھریلو ناچاقی‘ ذہنی تناؤ‘ خاتون سمیت 5 افراد کی خودکشی


قصور، چیچہ وطنی، نارنگ منڈی (نامہ نگار+ نمائندہ  نوائے وقت) قصور‘ چیچہ وطنی‘ نارنگ منڈی میں 5 افراد نے خودکشی کر لی۔ سی ای او ایجوکیشن ساہیوال کے مطابق گائوں 8/11ایل میں تعینات ٹیچر فرخ چوہدری طویل عرصہ سے ذہنی تنائو کا شکار تھا اور ماہر نفسیات کی ادویات استعمال کر رہا تھا۔ گزشتہ روز اس نے سکول کے اوقات کار کے دوران گن مین کی گن سے خود کو اس وقت گولی مار لی جب دیگر سکول ٹیچرز اور گن مین  نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ نارنگ منڈی میں بھاری قرض کے  باعث محلہ ایف جی کالونی کے 45سالہ شخص تین بچوں کے باپ نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ الیاس مسیح گھریلو تنگدستی اور معاشی حالات کی وجہ سے قرض اٹھاتا رہا جب قرض لینے والے گھر کی دہلیز پر پہنچ گئے تو الیاس مسیح نے حالات سے دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قصور اور اس کے نواح میں گھر یلو ناچاقی اور نامعلوم وجوہات پر ایک عورت سمیت تین افراد نے خودکشی کر لی۔ کوٹ رادھا کشن میں بھٹہ مالک اعجاز نے بتایا ہے کہ ہلہ منہساں کا رہائشی 40/35سالہ رحمت نے نامعلوم وجوہات پر گلے میں رسہ ڈال کر پھندا لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ قصور کے علاقے اندرون کوٹ موری گیٹ کے رہائشی 40سالہ کریم نے گھریلو ناچاقی پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ گنب کی رہائشی مریم نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ای پیپر دی نیشن