خضدار(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاہے کہ قیمتوں کو اعتدال پر لانے ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کی جائیگی۔ مصنوعی مہنگائی اور عوام پر ضرورت کی چیزیں مہنگی فروخت کرنے کی ہر صورت میں حوصلہ شکنی اورنرخنامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والے دکاندروں کے خلاف قانون حرکت میں آئیگی،یوٹیلٹی سٹورز بھی عوام کوسستی اشیاء فراہم کرنے کے ذریعے ہیں ان سے عوام کو ہر صورت میں ریلیف ملنی چاہیے یوٹیلیٹی سٹورز میں موجود سٹاک تک عوام کو رسائی کا موقع ملنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پرائس کنٹرو ل کمیٹی تاجر برادری یوٹیلٹی منتظمین کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار محمد جان جمالدینی انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل ایکسئین محکمہ مواصلات و تعمیرات فاروق مینگل انجینئر ہدایت اللہ زہری یوٹیلٹی اسٹورز خضدار کا نمائندہ محمد عالم براہوئی محکمہ مواصلات و زراعت کے ایکسین منیراحمد مینگل پی ایس ٹو ڈی سی مراد گزوزئی اور مل مالکان، پولیس اور و دیگر موجود تھے۔اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ نرخنامہ پر عملد رآمد اور یوٹیلیٹی سٹورز سے عوام کو فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔شرکاء نے اجلاس میں اپنے تجاویز بھی پیش کیئے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ مہنگی اشیاء کی فروخت اور زیادہ منافع کی لالچ کرنے والے دکاندار کسی بھی طرح رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایسے دکانداروں کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائیگا۔
قیمتوں میں اعتدال،ذخیرہ اندوزی کیخلاف کاروائی کی جائیگی:ڈپٹی کمشنر
Dec 09, 2022