اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے روس سے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دیدی۔ ذرائع کے مطابق روس سے 372 ڈالر فی میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس جلد بلانے کا فیصلہ کیا۔ وزارت اطلاعات کی میڈیا ٹیم کیلئے 8 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی توثیق کی گئی۔ عام انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کو 15 ارب روپے دینے کی منظوری دیدی۔ تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے معطل 11 لائسنس بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے یکم دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ کی سکیموں کیلئے 8 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ کے الیکٹرک کیلئے یکساں ٹیرف کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ جمعرات کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر گیارہ منسوخ شدہ پٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز بحال کرنے کی منظوری دے دی۔ اس اقدام کے نتیجے میں گیارہ بلاکس میں ایکسپلوریشن سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے پاکستان میں 2022 ء کے سیلاب کے تناظر میں Post Disaster Needs Assessment (پی ڈی این اے) کی رپورٹ پیش کی گئی۔ نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینہ پر بحث کی گئی۔ وزیراعظم نے پی ڈی این اے کو ترتیب دینے پر وفاقی وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی کو سراہا اور Resilient, Recovery, Renovation and Rehablitation Plan کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی رائے ضرور لی جائے۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارت تجارت کی سفارش پر پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔ اس معاہدہ پر تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران دستخط ہونے کا امکان ہے۔
عام انتخابات،الیکشن کمشن کو 15ارب دینے،سیلاب متاثرین کیلئے ڈونرز کانفرنس بلانے کی منظوری
Dec 09, 2022