اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان ددفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں۔ پاکستان میں بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری اس معاملے کا نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بالی جمہوریت کانفرنس میں شرکت کے لئے انڈونیشیا کے دورے پر ہیں، آج سنگاپور کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل 11 اور 12 دسمبر کو پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے، اور آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ پر حملے میں زخمی ہونے والے سپاہی کی عیادت کی ہے۔ عبیداللہ نظامانی کو پاکستان بلا لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھارتی ویزے جاری نہ کرنا مایوس کن ہے، پاکستان نے بھارتی فیصلے پر مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے، پاکستان نے طویل عرصے تک دہشت گردی کا سامنا کیا۔ تر جمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا نام مذہبی آزادیوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے پر مایوسی ہوئی جبکہ بھارت کو فہرست میں شامل نہ کر کے امتیازی سلوک کا مظاہرہ کیا گیا ہے، امریکی کمیشن کی سفارش کے باوجود بھارت کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے ایک بار پھر افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخاے پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت مذہبی آزادی کی دھجیاں اڑا رہا ہے، بھارت کو فہرست میں شامل نہ کر کے امتیازی سلوک کیا گیا۔ افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر امریکی بیان پر ردعمل میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں۔ پاکستان میں بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔
کا لعدم تنظیموں سے متعلق امریکی الزامات مسترد،پاکستان خود دہشتگردی کا شکار،بھارت ملوث:دفتر خارجہ
Dec 09, 2022