اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی ہے۔ مبینہ آڈیو میں زلفی بخاری بشریٰ بی بی کو مرشد کہتے ہوئے سلام کہتے ہیں جس پر بشریٰ بی بی انہیں سلام کا جواب دیکر حال پوچھتی ہیں تو زلفی بخاری کہتے ہیں میں ٹھیک ہوں مرشد! آپ کیسی ہیں۔ بشریٰ بی بی مبینہ طورپر زلفی بخاری سے کہتی ہیں خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں جو انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں تاکہ آپ انہیں بیچ دیں۔ وہ گھڑیاں خان صاحب کے زیراستعمال نہیں۔ دوسری جانب زلفی بخاری اپنی مبینہ آڈیو میں بول رہے ہیں کی جی ضرور مرشد۔ میں کردوںگا۔ آڈیو کا دورانیہ 20 سیکنڈ پر محیط ہے۔ دوسری جانب زلفی بخاری نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مبینہ لیک آڈیو کی تردید کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیتے ہوئے فرانزک کا مطالبہ کر دیا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ پہلے کہا جا رہا تھا کہ عمر ظہور نامی شخص کو گھڑیاں بیچی گئیں‘ ان کو لیگل نوٹس بھیجا تو اب نئی کہانی سامنے آ گئی کہ اصل میں یہ گھڑی میرے ذریعے بیچی گئی‘ میں واضح کر دوں کوئی گھڑی نہ میں نے لی نہ میں نے بیچی۔ اس طرح کی آڈیو کالج کے بچے بھی بنا لیتے ہیں‘ فوری اس کا فرانزک کرایا جائے‘ میں اس کے پیسے اپنی جیب سے دینے کو تیار ہوں۔