اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے چیئرمین اور پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ برطرف سرکاری ملازمین کی بحالی میرا مشن ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مجھے جو مشن سونپا ہے کہ اس کی تکمیل کرکے رہوں گا اور صدر آصف علی زرداری نے بھی یہی ہدایت کی ہے کہ برطرف سرکاری ملازمین کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ ڈاکٹر قادر مندوخیل نے کہا کہ برطرف سرکاری ملازمین کی بحالی محترمہ بینظیر بھٹو کا وعدہ رہا ہے جو ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار دینے سے روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ وفا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی اسٹیل ملزکو بند کرنے کی سازش تھی۔ اس طرح عمران حکومت نے جعلی ڈگری والے وزیر نے پی آئی اے کو متنازعہ بنانے کی سازش کی جو ملک دشمنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزام کہ پی آئی اے کو سیاسی بھرتیوں نے تباہ کیا انتہائی منافقانہ طرز عمل ہے۔ دراصل پی آئی اے میں سرکاری ملازمین کی برطرفیاں اور اسے بدنام کرکے ہتھیانہ چاہتے تھے۔ ڈاکٹر قادر مندوخیل نے کہا کہ منتخب نمائندے اور بیوروکریسی عوام کی خادم ہے۔ ان کا فرض ہے کہ عوام کی خدمت کرے اور ان کی مشکلات آسان کرے۔