فوجی کیمپوں‘ کانجو ائرپورٹ پر حملے میں ملوث  دہشت گرد‘ٹی ٹی پی  سوات کا امیرگرفتار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے دہشت گرد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار دہشت گرد کالعدم تنظیم تحریک طالبان مٹہ سوات کا ا میر ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق گرفتار دہشت گرد سابق وفاقی وزیر افضل لالہ کے گھر پر حملہ کرنے میں ملوث ہے، وہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان مٹہ سوات کا امیر ہے جس نے خواجہ خیل چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا واقعے میں فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے مٹہ پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے اسلحہ اور ایمونیشن لوٹا، 6 نالہ ایف سی کیمپ پر حملہ کر کے قبضہ کیا اور آٹے کی بوریوں کے نیچے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و ایمونیشن لوٹ لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کانجو ایئر پور پر حملہ کر کے قبضہ کرنے اور سوار تحصیل مٹہ سخرہ کے مقام پر مقامی لوگوں سے مقابلے کرنے میں ملوث ہے جس میں 15 افراد جاں بحق ہوئے، ملزم نے سخرہ گائوں کے فضل الحق کالج پر آرمی کیمپ پر حملہ کر کے قبضہ کیا، در و شخیلہ چیک پوسٹ پر حملہ کر کے قبضہ کیا، فوجیوں کی چپک پوسٹ باغ ڈہری پر قبضہ کیا، کیبن جبہ پر آرمی سے مقابلہ کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش جاری ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن