اسلام آباد (خبر نگار)حج 2024ء کے لیے درخواستیں مع واجبات جمع کرنے کے لیے مجاز بینکوں کی برانچیں ہفتہ اور اتوار کو کھلی رہیں گی۔ بینک دولت پاکستان نے عازمین حج کو حج 2024ء کیلئے درخواست فارم اور واجب الادا رقم جمع کرانے میں سہولت دینے کی خاطر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی درخواست پر 15 مجاز بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تمام مقررہ برانچیں ہفتہ اور اتوار (یعنی 9 دسمبر اور 10 دسمبر 2023ء) کو صبح 9 بجے سے 2 بجے دوپہر تک کھلی رکھیں۔ قبل ازیں حج پالیسی کے حوالے سے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے 15 بینکوں کو اجازت دی تھی کہ وہ حج 2024ء کے لیے ملک بھر میں عازمین سے درخواست فارم مع واجب الادا رقم 27 نومبر 2023ء سے 12 دسمبر 2023ء تک وصول کر سکتے ہیں۔