لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی، قومی اور انتخابی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ کے انسان ازسرِنو بدترین بم باری، قتل عام اور نسل کشی کی وجہ سے سیاہ وقت سے گذر رہے ہیں۔ غزہ کے مکینوں کو خوف، بربریت، قتل و غارت گری زیر نہیں کرسکی۔ اب اسرائیلی صیہونی امریکی، برطانوی ایماء پر بستیاں اجاڑ رہے ہیں اور انسانوں کو صفحہ ہستی سے مٹادینا چاہتے ہیں۔جبکہ امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ نے ملک گیر سیاسی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ملک کا نوجوان معیشت، معاشرت، سیاست کی ابتر صورتحال اور بے راہ روی سے بیزار ہو چکا ہے۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ عام انتخابات میں 50 فیصد پارٹی ٹکٹ نوجوانوں کو دیگی۔