لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید 11 خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ان گیارہ نئی کرکٹرز میں ایک کرکٹر کا تعلق ایمرجنگ کیٹیگری سے ہے جبکہ دیگر دس کا انتخاب ویمن انڈر19 ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔گیارہ کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس نومبر2023 سے جون 2024 تک کیلئے دیئے ہیں۔جن کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے گئے ہیں ان میں اقصیٰ یوسف ‘عریشہ انصاری ‘ حمیرا غلام حسین ‘کائنات ایمان ‘میمونہ خالد ‘مبین احمد ‘ مقدّس بخاری ‘ مسکان عابد‘ صبا شیر‘ سمیعہ افسر اور شمیر راجپوت شامل ہیں جبکہ شمیر راجپوت ایمرجنگ کیٹگری میں شامل ہیں۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہاکہ ویمنز انڈر 19 اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کو ویمنز ڈومیسٹک کنٹریکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔