نم گرفتہ، معروف شاعر، نوائے وقت کے کالم نگار اور سینئر سٹیزن خالد احمد کا مجموعہ کلام ہے۔ اس کی جتھہ بندی میں بقول خالد احمد کے انکے چار دوستوں شاہد ماکلی، خالد علیم، نوید صادق اور ارشد شاہین نے اہم کردار ادا کیا۔ وہ چہار درویش کے علاوہ بھی کتاب کی تدوین میں کئی احباب اور اہلیہ محترمہ کے شکرگزار پائے گئے۔ نم گرفتہ کا ایک ایک ورق بڑے غور سے پڑھا لیکن خالد احمد کے جگری یار رفیق غوری کا کہیں ذکر نہیں ہے‘ اشعار میں نہ فلیپ پر۔ نم گرفتہ، کتاب کا مفصل دیباچہ ضیا جالندھری نے تحریر کیا ہے جبکہ نم گرفتہ حمید نسیم صاحب کے نام کی گئی ہے۔ یوں تو کتاب کا ہر شعر اپنی جگہ پر ہار میں پروئے موتی کی مانند ہے لیکن ’ایک دن گم ہو گیا‘ کے عنوان سے لکھی نظم پڑھ کر آنکھیں نم ہو گئیں اور میں اپنے بچپن، ماں کی شفت اور محبت کے خیالات میں کھو گیا ....
ماں تمہیں تو یاد ہو گا
تم نے اس دن منہ اندھیرے
نیند کی چادر ہٹا کر
بوسہ ماتھے پر سجا کر
ہاتھ یوں بالوں میں پھیرے
دوڑ اُٹھے رگ رگ سویرے
گرم بستر سے اُٹھایا
مجھ کو نہلایا دُھلایا
ہر لائبریری کی زینت بنا کر رکھنے لائق، 304 صفحات کی کتاب کی قیمت 225 روپے، جو بیاض لاہور سید اظہر شہید روڈ 16 کلو میٹر ملتان روڈ لاہور 04237513000 سے دستیاب ہے۔ (تبصرہ : فضل حسین اعوان)