کراچی(اسٹاف رپورٹر) نادرا نے ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے بائیومیٹرک تصدیقی نظام کامیابی سے تیار کرلیا ہے، 28 فروری سے سسٹم کے ذریعے شہریوں کو موبائل فون کی سِم تصدیق کے بعد اجراءکیلئے ہر طرح تیار ہے، یہ بات نادرا ترجمان نے جمعہ کو جاری بیان میں کہی۔ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں تمام ٹیلی کام آپریٹرز نے 28 فروری سے بائیومیٹرک تصدیق کے سسٹم کے ذریعے موبائل فون کی سِم کے اجراءکیلئے اتفاق کیا تھا۔ اس سسٹم کے ذریعے ہر شہری کوسیلولر آپریٹر کے کسٹمر سروس سینٹر یا فرنچائز پر سِم حاصل کرنے کیلئے خود جانا ہوگا اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے ڈیٹا کی تصدیق کیلئے اپنے فنگر پرنٹس دینا ہوں گے۔ اس کام میں صرف 15 سیکنڈ درکار ہوں گے اور یہ تصدیق آن لائن ہوجائے گی جس کے بعد سِم فعال کردی جائے گی۔