پاکستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہیں دہرائیں گے‘ 30 جون کو افغانستان سے انخلاءشروع ہو گا : امریکی سفارتخانہ


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ نے سینئر صحافیوں کو بریفنگ میں کہا ہے کہ 31دسمبر 2014ءکو ایساف کا وجود ختم ہو جائے گا اور اس کی جگہ سپورٹ فورس لے گی۔ امریکی فورسز 30جون 2013ءسے افغانستان سے نکلنا شروع ہو جائیں گی اور انخلا کا عمل 31دسمبر 2014ءکو مکمل ہو جائے گا اس کا باضابطہ اعلان امریکی صدر اوباما سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کریں گے۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان کی 25سو آئٹمز کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جا رہی ہے۔ جبکہ یورپی یونین 49اشیاءکو رسائی دینے پر غور کر رہا ہے۔ بتایا گیا کہ 1979ءمیں امریکہ پاکستان کو تنہا چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ وہ غلطی نہیں دہرائیں گے۔ 31دسمبر 2013ءتک نو سو میگا واٹ بجلی امریکی کاوش سے پاکستانی سسٹم میں آ جائے گی۔ آئندہ ہفتے جیکب آباد میں ڈھائی سو بستروں کے ہسپتال کا امریکی سفیر سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دریں اثنا امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جمہوریت انسانی حقوق و محنت مائیکل پوزنر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری طور پر منتخب حکومت کے پھلنے پھولنے کی پرجوش حمایت کرتا ہے۔ بروقت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے خواہاں ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار عمل میں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سات سے آٹھ فروری تک پاکستان کے دورہ کے موقع پر انسانی حقوق بارے وزیراعظم کے مشیر مصطفی نواز کھوکھر ‘ چیف الیکشن کمیشن فخر الدین جی ابراہیم اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ہم آہنگی ڈاکٹر پال بھٹی سے ملاقات کے موقع پر کیا امریکی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے صحافیوں ‘ تھنک ٹینکس کے سکالروں ‘ انسانی حقوق کے کارکنوں‘ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور متعدد ادیان کے مذہبی رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ای پیپر دی نیشن