اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک میں پاکستان وہ ملک ہے جس کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے خواتین کو خصوصی طور پر تعلیم دیکر ان میں شعور اجاگر کیا جائیگا۔ پاکستان 2025ء تک اپنی آبادی کا تناسب 1.2فیصد کم کرنے کی کوشش کریگا۔ احسن اقبال جوکہ پلاننگ کمشن کے ڈپٹی چیئرمین ہیں نے کہا کہ 196ملین نفوس پر مشتمل آبادی میں سالانہ 4.4ملین افراد کا اضافہ ہو رہا ہے جو نیوزی لینڈ کی آبادی کے برابر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب ہمیں اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ملکی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ شادی شدہ افراد اور بالخصوص خواتین میں شعور اجاگر کرکے آبادی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا ہوگا: احسن اقبال
Feb 09, 2014