واشنگٹن (این این آئی) امریکہ کی نائب وزیرخارجہ وکٹوریا نولینڈکی یوکرائن میں اپنے سفیرسے یورپی یونین کیخلاف اشتعال انگیزبات چیت کی آڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آگئی جس کے بعد یورپ اور امریکہ کے درمیان شدید تنازع کھڑا ہوگیا تاہم وکٹوریہ نولینڈ نے ’’یورپی یونین جائے بھاڑ‘‘ میں کہنے پر یورپ سے معذرت کرلی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائب امریکی وزیرخارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور یوکرائن میں متعین امریکی سفیر جیف پِیٹ کے درمیان حال ہی میں ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کی ٹیپ لیک ہو گئی ہے جس میں نولینڈ نے یورپی یونین کو گالی دی تھی، یوکرائن میں جاری سیاسی بحران اور وہاں کسی ممکنہ نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نولینڈ نے کہا تھا ’’یورپی یونین جائے بھاڑ میں‘‘، یہ ٹیلی فون کال بیچ ہی میں اچک لی گئی اور اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر بھی اپ لوڈ کر دیاگیا، ویڈیو کچھ یوں تھی کہ تصویر ساکت تھی، پس پردہ اس ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ چل رہی تھی جبکہ سکرین پر روسی زبان میں اس گفتگو کے ترجمے کی پٹی چل رہی تھی۔ اس کال میں ہونے والی گفتگو سے لگتا ہے کہ یہ زیادہ پرانی نہیں ہے، امریکی حکام نے مبینہ طور پر ان دو سفارت کاروں کے درمیان ہونے والی اس گفتگو کو مسترد کرنے کی بجائے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکی سفارت کاروں کی ٹیلی فون کالز کی جاسوسی کر رہا ہے، امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساپاسکی نے یہ بھی کہاکہ نولینڈ اپنے یورپی ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ظاہر ہے، انہوں نے اس پر ان سے معذرت کی ہے۔ دریں اثناء جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ وکٹوریا نْولینڈ کی طرف سے یورپی یونین کے بارے میں غیرشائستہ زبان کے استعمال پر کڑی تنقید کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن چانسلر کی ترجمان کرسٹیا نے کہا ہے کہ مرکل کے نزدیک وکٹوریا نْولینڈ کی جانب سے یورپی یونین کے لئے غیرمہذب الفاظ کا استعمال ’قطعی ناقابلِ قبول‘ ہے۔ نْولینڈ نے یوکرائن کے بحران کے تناظر میں کیف میں تعینات امریکی سفیر کے ساتھ گفتگو میں یورپی یونین کے اقدامات پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا ’’یورپی یونین بھاڑ میں جائے‘‘ تاہم انہوں نے جمعرات کو اپنے بیان پر معذرت طلب کر لی تھی۔