لاہور (سٹاف رپورٹر +نامہ نگاروں سے) مختلف وجوہات پر 2 لڑکیوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تھانہ قائداعظم انڈسٹریل ایریا کے علاقہ میں نامعلوم وجوہات پر نوجوان نے دل برداشتہ ہوکر گلے میں پھندا لیکر زندگی ختم کرلی۔ محمد شہروز نے کمرے میں جا کر گلے میں رسی ڈال کر پنکھے کے ساتھ لٹک کر زندگی ختم کی۔ متوفی کے بھائی نے لاش پنکھے سے اتارکر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق متوفی کے اہل خانہ دبئی میں رہتے ہیں اور یہ دونوں بھائی یہاں پڑھائی کرنے کے لئے فلیٹ کرائے پر لے کر رہے رہے ہیں۔ لڑکے کے والدین دبئی سے آ رہے ہیں آنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ منڈی بہاؤ الدین نواحی کوٹ حامد شاہ میں 28 سالہ نوجوان نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکرزندگی ختم کرلی۔ نوید حسن نے گاؤں کے قریب سیم نالہ کے قریب درخت کے ساتھ گلے میں پھندا ڈال کر زندگی ختم کی۔ پپلاں کے مصطفٰی کی 25 سالہ بیٹی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر راولپنڈی سے ملتان جانیوالی ٹرین کے نیچے سر دیکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نورپور تھل کے نواحی موضع آدھی کوٹ میں 17 سالہ غیرشادی شدہ لڑکی نے خود کشی کر لی۔ ملک محمد فیروز اولکھ کی صاحبزادی (ص) نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر 30 بور پستول سے گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس تھانہ نور پور تھل نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی۔ کوئٹہ سے آن لائن کے مطابق کوئٹہ میں دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد نے زہریلی دوائی پی کر خود کشی کرلی۔ مغربی بائی پاس مینگل آباد کے ظفر احمد نے زہریلی دوائی پی کر خود کشی کرلی جس کی نعش ہسپتال پہنچا دی گئی اسی طرح کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹائون سے ایک شخص محمد شاہد اپنی اہلیہ مسماۃ (ظ) کو تشویشناک حالت میں بولان میڈیکل کمپلیکس لایا جہاں پر وہ چل بسی ہسپتال۔ ذرائع کے مطابق متوفیہ ذہنی مریضہ تھی جس نے بیماری کی ادویات مذکورہ خوراک سے زائد استعمال کی۔