میڈرڈ (آئی این پی) ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزام میں ہسپانوی شہزادی کرسٹینا عدالت میں پیش ہو گئیں اور عدالت کے سامنے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1975ء میں شہنشائیت کی بحالی کے بعد پہلی بار کوئی ہسپانوی شہزادی عدالت میں پیش ہوئی ہے۔ شہزادی کرسٹینا پورے اعتماد کے ساتھ مسکراتے ہوئے گاڑی سے اتریں، عوام کے خیر مقدمی کلمات کا جواب دیا اور کمرہ عدالت میں داخل ہوگئیں۔ سپین کی شہزادی کرسٹینا نے جج کے سامنے بند کمرے میں درجنوں سوالات کا جوابدیا۔ کرسٹینا ہسپانوی بادشاہ جواین کارلوس کی چھوٹی بیٹی ہیں۔ 48 سالہ شہزادی پر ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ شہزادی کے شوہر پر پہلے ہی دس ملین یورو کی سرکاری رقم کے استعمال پر مقدمہ قائم کیا جاچکا ہے۔
سپین کی شہزادی ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت پیش، بیان ریکارڈ کرادیا
Feb 09, 2014