نوشہرہ (ثناء نیوز) پاکستان تحریک انصاف خیبر پی کے کے صدر اعظم خان سواتی نے کہا ہے عمران خان تحریک انصاف کے چیئرمین ہیں وہ کالعدم تحریک طالبان کے لیڈر نہیں، کمیٹی کو وزیر ستان لے جانے کیلئے میں ذاتی خرچ پر ہیلی کاپٹر فراہم کرسکتا ہوں، ہم مذاکرات کے حامی ہیں اور چاہتے ہیں ملک میں امن قائم ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے دورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل میں پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، سراج خان، صوبائی مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ودیگر اراکین صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت اپنے اہداف کی طرف کامیابی سے گامزن ہے اور سات ماہ میں اب صوبہ خیبر پی کے کے عوام مثبت تبدیلیاں محسوس کررہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں ابھی تک کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا گیا وقت آنے پر یہ فیصلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات بائیومیٹرک سسٹم کے تحت شفاف طریقے سے منعقد کئے جائینگے اور ان انتخابات کے بعد مکمل تبدیلی عوام محسوس کرینگے۔ صوبائی کابینہ میں عنقریب ردوبدل کی جائیگی، تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی میں کوئی اختلافات نہیں اور جو لوگ تحریک انصاف کے اندر فارورڈ بلاک کی باتیں کررہے ہیں ان میں خود کئی فارورڈ بلاک بن چکے ہیں اور انکے ہمارے ساتھ رابطے ہیں۔دریں اثناء سی ایم کیمپ آفس نوشہرہ میں وفد سے ملاقات اور خطاب میں ڈاکٹر عمران خٹک نے کہا ہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خان خٹک حقیقی معنوں میںغریب عوام کی حالت بدلنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ نوشہرہ میں بہت جلد میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔
سواتی
عمران خان تحریک انصاف کے چیئرمین ہیں طالبان کے لیڈر نہیں: اعظم سواتی
Feb 09, 2014