گجرات (آئی این پی‘ اے پی پی) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بی جے پی اور حلیف جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس غربت کے خاتمے کی اور نریندر مودی غریبوں کے خاتمے کی بات کرتے ہیں۔ آر ایس ایس کے نظریات گاندھی کے قتل کا محرک بنے۔ عوام چائے بنانے والے کی عزت کریں‘ لیکن بے وقوف بنانے والے کی نہیں۔ ہفتہ کو گجرات کے علاقے باردولی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس غربت کے خاتمے کی بات کرتی ہے جبکہ مودی غریبوں کے خاتمے کی بات کرتے ہیں۔ گجرات میں تیرہ ہزار سرکاری سکول بند ہو گئے‘ لیکن ان کا کوئی ذکر نہیں۔ بی جے پی کے ہوم گرائونڈ میں بائونسر مارتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ اگر بی جے پی کرپشن کے اتنے ہی خلاف ہے تو کرپشن کے خلاف زیرالتواء چھ بلز کی منظوری میں کانگریس کی مدد کیوں نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ محنت گجرات کے لوگ کرتے ہیں اور اس کا کریڈٹ وہ شخص لیتا ہے۔ 5 سے 6 لوگ گجرات حکومت چلا رہے ہیں‘ مودی مسلم کش فسادات کے ذمہ دار ہیں۔