2013ء کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، سپریم کورٹ کو فیصلہ دینا چاہئے: مشرف

Feb 09, 2015

اسلام آباد (کے پی آئی) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کشمیر کے لئے اگر کسی نے پیشرفت کی ہے تو وہ میں ہوں، حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین کو کبھی بلا کر نہیں کہا آپ مجھے مارنا چاہتے ہو وہ فائٹر آدمی ہے مجھے فائٹر بہت پسند ہیں۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا اس وقت پاکستان کی ضرورت عبوری حکومت ہے جو انتخابی اصلاحات کرے پھر ان اصلاحات کے ذریعے تیسری سیاسی قوت سامنے آئے۔ تیسری سیاسی قوت بنانے کے لئے کچھ کرسکا تو کروں گا۔2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ضرور ہوئی ہے اب سپریم کورٹ کو فیصلہ دینا چاہئے۔ اگلے انتخابات میں تیسری سیاست قوت آگے آنی چاہئے۔ اس وقت ملک کو نئی سیاسی قوت کی ضرورت ہے۔ تیسری سیاسی قوت میں ایم کیو ایم اور پیرپگاڑا کا کردار دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت الیکشن حل نہیں اصلاحات حل ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ چوہدری نثار میرے دوست رہے ہیں ان کے بڑے بھائی میرے ساتھی اور سینئر تھے۔ چوہدری نثار مجھے ایک ہی قابل وزیر نظر آتا ہے جس کی سوچ صحیح ہے۔ بھارت سے کشمیر کے سیاسی حل کے لئے مجاہدین کو روکنا پڑا۔ مشرف نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات میں بہتری آ رہی ہے۔ ماضی میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری ان کے خلاف مقدمات پر اثر انداز ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر کے قتل میں انہیں بلاوجہ ہی ملوث کیا گیا یہ بات زرداری بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اُسامہ بن لادن کی موجودگی کا انہیں علم نہیں تھا۔ بھارت شمالی اتحاد کے ساتھ مل کر ہمیں ڈسٹرب کر رہا تھا۔ بھارت اور روس مل کر بلوچستان اور کے پی کے میں ہماری پیٹھ پر چھرا گھونپ رہے تھے جو ناقابل برداشت تھا اگر نائن الیون کے بعد امریکہ کی حمایت نہ کرتے تو بھارت اسے فوجی اڈے دے کر ہمارے لئے خطرہ بن جاتا۔

مزیدخبریں