پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی کے تانے بانے بیرون ملک ملتے ہیں: شرجیل میمن

Feb 09, 2015

کراچی (این این آئی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بیرون ملک سے ملے ہوئے ہیں جس کا مقصد اسلام اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرکے پاکستان کو دہشت گردی کی نرسری قرار دینا ہے۔ ہماری قوم اب باشعور ہوچکی ہے اور انہیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ یہاں ہونے والی دہشت گردی کون اور کیوں کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علما کونسل سندھ کے تحت منعقدہ پیام امن کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے طاہر محمود اشرفی، مولانا زاہد محمود قاسمی، مولانا امجد خان، مولانا طارق محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے کہ پاکستان کی بقاء اور سالمیت پر کوئی آنچ نہ آئے۔ اب اس ملک میں بھائی کو بھائی سے لڑوانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس ہماری نوجوان نسلوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مصروف عمل ہیں لیکن جو مدارس اسلام اور مذہب کی آڑ میں دہشت گردی کی تعلیم دیتے ہیں ان کے خلاف بھی ہم سب کو ایک ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام آزادی میسر ہے، جو ایک مسلمان کو یہاں ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے احترام کا درس دیتا ہے اور ہم پر لازم ہے کہ ہم انکی عبادتگاہوں اور انکا مکمل تحفظ کریں۔

مزیدخبریں