لاہور (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم انجری اور فٹنس مسائل سے دوچار ہے۔ جنید خان کے بعد محمد حفیظ بھی میگا ایونٹ کے قومی سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ محمد حفیظ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں انجری مسائل سے دوچار ہو گئے تھے۔ ڈاکٹر نے انہیں تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا جس کے باعث ورلڈ کپ کے ابتدائی راﺅنڈ کے زیادہ تر میچز میں ان کی شرکت مشکوک ہونے کی بنا پر ٹیم مینجمنٹ نے محمد حفیظ کے متبادل کھلاڑی کے طور پر ناصر جمشید اور اظہر علی کے نام تجویز کر کے منظوری کے لئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بھجوائے تھے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے قومی ٹیم کے لیے ریگولر اوپنر کے طور پر ناصر جمشید کے نام کی منظوری دیدی۔ ناصر جمشید کا بھارت کے خلاف ٹریک ریکارڈ اچھا ہے تاہم وہ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ناصر جمشید کے آسٹریلوی ویزے کے لیے آج ہائی کمشن کے ساتھ رابطہ کر کے ان کی جلد آسٹریلیا روانگی کا بندوبست کرے گا۔ واضح رہے محمد حفیظ سے قبل فاسٹ باﺅلر جنید خان انجری اور فٹنس مسائل کی بنا پر ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں ان کی جگہ راحت علی کا نام شامل کیا گیا ہے۔ مزید برآں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان کے انجری مسائل کی وجہ سے ان فٹ ہونے والے اوپنر بلے باز محمد حفیظ کی جگہ ناصر جمشید کو شامل کرنے کی منظوری دیدی۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کسی نیوٹرل وینو پر نہیں ہو سکتی، محمد حفیظ کی جگہ ناصر جمشید ٹیم مینجمنٹ کی سفارش پر ٹیم میں شامل ہوئے میرا کوئی عمل دخل نہیں۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا محمد حفیظ کی ٹانگ میں تکلیف کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا اور ان کی جگہ ٹور سلیکشن کمیٹی جس میں معین خان، وقار یونس اور کپتان مصباح الحق شامل ہیں کی سفارش پر ناصر جمشید کو منتخب کیا گیا ہے، ٹور سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا اوپنر کی جگہ اوپنر، فاسٹ باولر کی جگہ فاسٹ باولر کو ہی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا بنگلہ دیش جیسی چھوٹی رینکنگ ٹیموں کے خلاف نیوٹرل وینیو کی روایت قائم نہیں کر سکتے۔ کئی ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں جو رواں سال 2015ءمیں پاکستان کا دورہ کرینگی۔ ان ٹیموں میں نیپال، نیدرلینڈ اور نمیبیا وغیرہ شامل ہیں۔ ایسوسی ایٹ ممالک کے خلاف پاکستان کی اے ٹیمیں بنا کر میدان میں اتاریں گے تاکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا بیک اپ تیار کیا جا سکے۔
محمد حفیظ / باہر