لاہور+ ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) ورلڈکپ 2015ء کے پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کے ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کیلئے 372 رنز کا ہدف دیا ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 45.1 اوور 265 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اجنکایا ریہانے 66، شیکر دھاون 59 اور امباتی ریادو 53 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ 4 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، مچل اسٹارک، مچل جونسن اور جوش ہیزلیووڈ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کینگروز کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو کینگروز ٹیم 48.1 اوور میں 371 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز جوڑے، گلین میکسویل اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے برق رفتار سنچریاں بنائیں، میکسویل صرف 57 گیندوں پر 8 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 122 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے جبکہ وارنر 104 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ 20،شین واٹسن22، کپتان جارج بیلی 44 اور مچل مارش 21 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ گلین میکسویل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کینگروز کے خلاف 8 باؤلروں کا استعمال کیا اور محمد شامی 3 وکٹیں لے کر کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جبکہ موہت شرما اور اومیش یادیو نے 2،2 جبکہ اسٹارٹ بینی اور ایگزر پٹیل نے ایک ایک اور روندرا جدیجا اور بھونیشور کمار کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ دریں اثناء پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ آج گروپ اے کی بنگلہ دیش ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل قومی ٹیم دو ایک روزہ پریکٹس میچز میں شرکت کرے گی ۔ میچ بلیک ٹاون اولمپک پارک اوول سڈنی میں کھیلا جائے گا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔