اسلام آباد / نئی دہلی (آن لائن) امریکہ کے بھارت پر دباﺅ اور پاکستان میں تاجر حلقوں کے حکومت سے رابطوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان بیک ڈور رابطے بحال ہو گئے ہیں جن میں پاکستان بھارت مذاکراتی عمل بحال کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق صدر بارک اوباما کے دورے کے بعد بھارت کے رویہ میں لچک سامنے آئی ہے اس کے نتیجے میں کچھ بیک ڈور رابطے ہوئے ہیں جن میں مذاکرات کی بحالی اور تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں پر ابتدائی تبادلہ خیال ہوا۔ بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرمیاں آتے آتے پاکستان اور بھارت کے درمیان برف پگھلنا شروع ہو جائے گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان سے بعض اہم تاجر رہنماﺅں اور بعض سابقہ حکومتی اہم شخصیات کے بھارت کے دوروں میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا معاملہ خاص طور پر زیر بحث رہا اور بھارت کے سیاسی و تجارتی حلقوں نے بھی موجودہ کشیدگی کی صورتحال معمول پر لانے سے اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تاجر اور سیاسی شخصیات کے ان رابطوں کے بعد بیک ڈور ڈپلومیسی چینل متحرک ہو گیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس چینل میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات ملاقاتیں کریں گی۔ بھارتی میڈیا نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی اس حوالے سے بھارتی سیکرٹری خارجہ سے جلد ملاقات کا بھی عندیہ دیا ہے جس سے امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل بحال ہو سکتا ہے۔
پاکستان بھارت