اسلام آباد (سجاد ترین/ خبرنگار خصوصی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ مخدوم امین فہیم نے سینیٹ انتخابات کیلئے قائم کردہ پارلیمانی بورڈ کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ پارٹی کے مقتدر رہنما امین فہیم کو پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے آمادہ کرتے رہے مگر امین فہیم نے شرکت نہیں کی ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ مخدوم امین فہیم اور آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات پوائنٹ آف نوریٹرن پر آگئے ہیں۔ مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر ہیں مگر انکے پاس کوئی اختیار نہیں ہے تمام فیصلے آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ بیگم فریال تالپور کر رہی ہیں جس پر امین فہیم ناراض ہیں۔ بلاول ہا¶س میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کے فیصلہ کیلئے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا تین دن اجلاس جاری رہا مگر امین فہیم نے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی، وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں۔ بلاول ہا¶س ہونے والے اجلاس میں ندیم افضل چن‘ ملک حاکمین‘ پیر حیدر زمان قریشی پنجاب‘ وقار خان‘ نور عالم خان‘ عاصمہ ارباب کے پی کے، صابر بلوچ بلوچستان‘ اسلام آباد سے نرگس فیض ملک اور میمونہ زینب کے انٹرویو کئے گئے۔ ندیم افضل چن نے بتایا کہ مخدوم امین فہیم اور پارٹی قیادت کے درمیان کوئی اختلافات نہیں۔ مخدوم امین فہیم ملک سے باہر ہیں اسی وجہ سے وہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ہیں۔ پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کا تیسرا مرحلہ ختم ہوگیا ہے جس میں پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان سے سینٹ امیدواروں کے انٹرویوز مکمل ہوگئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب سے ندیم افضل چن، ملک حکیم، پیر حیدر زمان قریشی، خیبر پی کے سے وقار احمد، نور عالم خان، عاصمہ ارباب، بلوچستان سے صابر بلوچ، اسلام آباد سے نرجس فیض، میمونہ زینب کے انٹرویو کئے گئے۔ این این آئی کے مطابق سینٹ انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کل ایک روزہ دورہ پر کراچی پہنچیں گے۔ زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، آفتاب شیرپاﺅ اور گورنر سندھ عشرت العباد نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے فون پر رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے دونوں رہنماﺅں سے ملک کی موجودہ صورتحال اور 3 مارچ کو ہونے والے سینٹ کے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق گورنرنے دونوں رہنماﺅں سے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان دو مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی نے پنجاب سے ندیم افضل چن کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
زرداری/ رابطے