لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں اتوار کے روز مختلف واقعات میں ڈاکٹر سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق نشاط کالونی میں ایک کلینک پر 65 سالہ ڈاکٹر پراسرار طور پر سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا بتایا گیا ہے کہ منڈی بہاﺅ الدین کے رہائشی ڈاکٹر حامد نے نشاط کالونی میں کلینک بنا رکھاتھا گزشتہ روز نامعلوم افراد نے کلینک میں گھس کر اسے سر میں گولی مار دی اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر حامد نے نامعلوم وجوہات پر خودکشی کی ان کے ورثاء کو اطلاع کردی گئی ہے۔ دریں اثنا رائے ونڈ کے گاﺅں پاجیاں کے قریب ہاﺅسنگ سوسائٹی میں دوران ڈیوٹی نامعلوم افراد نے آزاد کشمیر کے رہائشی 42 سالہ سکیورٹی گارڈ پرویز کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ ادھراچھرہ کے علاقے احاطہ مولچند ٹوکے والی گلی میں بیٹے کی شادی کے روز ایک شخص شریف نے گھریلو جھگڑوں پر مشتعل ہو کر بیوی کو ٹوکے مار کر قتل کردیا بتایاگیا ہے کہ نذیراں 8 بچوں کی ماں تھی اور اس کے اکثر اپنے شوہر شریف سے جھگڑے رہتے تھے۔ نذیراں نے مرضی سے اپنے بیٹے امجد کی شادی طے کی، بارات گئی ہوئی تھی پیچھے سے میاں بیوی میں اسی بات پر جھگڑا ہوا تو شریف نے گھر کا دروازہ اندر سے بند کرکے بیوی کو ٹوکوں کے وار کرکے قتل کر دیا اور باہر نکلا تو خون آلود ہاتھ اور کپڑے دیکھ کر اہل محلہ نے پولیس بلا لی اسی دوران شریف کا بیٹا امجد دلہن لیکر واپس پہنچ گیا اور ماں کی نعش سے لپٹ کرروتا رہا بتایا گیا ہے کہ شریف کا فالج کے باعث ایک ہاتھ کام نہیں کرتا تھا اس نے دوسرے سے ہی ظلم ڈھا دیا۔
بیوی مار ڈالا