کراچی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ بدنام گیگسٹر عزیر بلوچ سے ملاقات کیلئے ان کے وکلاء کی درخواست مسترد کر دی۔ منتظم جج جسٹس سید فاروق شاہ نے فیصلے میں کہا کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے عزیر بلوچ کے وکلاء خواجہ نوید اور سیفی علی نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ رینجرز حکام انہیں ان کے موکل عزیر بلوچ سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہے۔ انہوں نے عزیر بلوچ سے قانونی مشاورت کرنی ہے۔ واضح رہے کہ عزیر بلوچ کو 30 جنوری کو 90 روز کیلئے عدالت نے رینجرز کی تحویل میں دیا تھا۔ دوسری طرف سندھ ہائیکورٹ میں عزیر بلوچ کی اہلیہ نے اپنے شوہر سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کر دی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ رینجرز حکام انہیں اپنے شوہر سے ملاقات کرنے نہیں دے رہے۔ عدالت اس کی اجازت دے اور عزیر بلوچ کا طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا جائے۔
عزیر بلوچ سے ملاقات کیلئے وکلاء کی درخواست مسترد
Feb 09, 2016