لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبے مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے، پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے 3 منصوبوں میں شفافیت یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112 ارب روپے بچائے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے کوئی بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ 7برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرئہ امتیاز ہے۔ قومی خزانے کی ایک ایک پائی قوم کی امانت سمجھ کر نہایت دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح پر صرف کی جا رہی ہے، عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ محنت، امانت اور دیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے، نوجوانوں میں اپنا روزگار سکیم کے تحت میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے مالیت کی گاڑیاں آسان شرائط پر تقسیم کرکے انہیں روزگار فراہم کیا۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے 2018ء تک پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔ 2017ء تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل بجلی گرڈ میںشامل ہو جائے گی، وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کراس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اب پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے ناقابل تسخیر بنانے کا اعزاز بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کو حاصل ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی چودھری نذیر احمد ارائیں، سردار محمد عرفان ڈوگر، صاحبزادہ محمد نذیر سلطان، ارکان صوبائی اسمبلی چودھری ارشاد احمد ارائیں، سجاد حیدر گجر، خرم اعجاز چٹھہ اور فیضان خان ورک شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے ان کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے،عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، شہری علاقوں کے ساتھ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اربوں روپے کے نئے منصوبے شروع کئے ،ترقیاتی منصوبے ہر صورت میں مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں گے۔ عوام کی فلاح وبہبود اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کیے ہیں عوام کی ترقی وخوشحالی کے پروگرام بھی کامیابی سے آگے بڑھائے جارہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، اپنا روزگار سکیم، بلاسود قرضوں کی فراہمی، ٹرانسپورٹ کے منصوبے ،نئے ہسپتالوں کا قیام اور دیگرکئی فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ناروے کے سفیر ٹورے نیڈریبو نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ناروے کے سرمایہ کارپنجاب میں مختلف شعبوں میںسرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی ناروے کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ناروے کے سفیر نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے۔
مسلم لیگ ن کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا: شہباز شریف
Feb 09, 2016