باجوڑ: لوڈشیڈنگ کے خاتمہ تک بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار

Feb 09, 2016

باجوڑ (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کرنے والوں نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے تک بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر خار میں ہونے والے مظاہرے میں درجنوں افراد شریک تھے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ خار میں روزانہ 17 سے 20 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے اور بجلی کے بحران سے کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔ مقامی صحافی نے بتایا سات لاکھ آبادی پر مشتمل خار اور اس کے گردونواح میں صرف رات میں کسی پہر بجلی آتی ہے اور باقی سارا وقت غیر اعلانیہ طور پر بجلی بند رہتی ہیِ ۔ انہوں نے بتایا پولیٹیکل انتظامیہ بجلی کے میٹر لگوانے پر زور دی رہی ہے لیکن عوام بجلی کے میٹر نہیں لگوانا چاہتی کیونکہ حکومت اور باجوڑ قبائل کے درمیان یہ معاہدہ طے پایا تھا افیون کی کاشت بند کرنے پر انہیں مفت بجلی دی جائے گی۔ مظاہرین کا کہنا تھا حکومت اپنے اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کو بجلی کے میٹر لگانے پر مجبور کر رہی ہے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ محمد علی کی جانب سے مظاہرین کو پیر تک مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرُامن طور پر منتشر ہو گئے۔ کچھ عرصہ قبل ملاکنڈ میں بھی لوگوں نے پولیو کے قطرے پلانے کو سڑک کی تعمیر سے مشروط کیا تھا۔

مزیدخبریں