پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اہم اقدامات کئے، جنرل راحیل انتہائی جرات مند اور دلیر ہیں: جنرل کیمبل

Feb 09, 2016

کابل/ واشنگٹن (آئی این پی) افغانستان میں امریکی فوج کی کمانڈ سے سبکدوش ہونے والے جنرل جان کیمبل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اقدامات کئے، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بہت جرات مند اور دلیر ہیں جن کی بدولت فوجی آپریشن میں یہ اقدامات کئے گئے،آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بڑی تعداد میں دہشت گرد بھاگ کر افغانستان آگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں آرمڈ سروسز کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل جان کیمبل نے کہا کہ گز شتہ سال دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد بھاگ کر افغانستان آگئے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، بہت جرات مند اور دلیر ہیں، جن کی بدولت فوجی آپریشن میں یہ اقدامات کئے گئے۔ جنرل کیمبل نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان مل کر کام کر رہے ہیں ،دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان مشترکہ دشمن سے نمٹنے پر بات چیت ہوتی ہے۔امریکی کمانڈر نے کہا کہ انہوں نے دونوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے،کیونکہ پاکستان اور افغانستان میں ایسی بہت جگہ ہے،جس پر حکومتوں کی عملداری نہیں ہے۔ یہ برسوں سے مسئلہ رہا ہے،اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم دشمن سے لڑنے کے لئے افغان فورسز کی صلاحیت میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لئے امریکہ کو طویل عرصے تک افغان سکیورٹی فورسز کی مدد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کا مستقبل میں افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکی جنرل افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر کے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ امریکی جنرل نے اٹھارہ ماہ افغانستان میں اپنے فرائض سرانجام دیئے۔

مزیدخبریں