ژوب، جھڑپ، 2 دہشت گرد ہلاک، بنوں، دکان میں دھماکے، 2 افراد جاں بحق

ژوب+ بنوں+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) سورکچھ ژوب میں ایف سی اور دہشت گردوں میں گزشتہ روز فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ جھڑپ کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ بنوں کے علاقے زندی اکبر خان میں دکان میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے بعد حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے اور گزشتہ روز کوئٹہ سمیت کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10 افغان باشندوں اور کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 19 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنوں اور لکی مروت کے سنگم پر واقع علاقے زندی اکبر خان میں گاڑیوں کو پنکچر لگانے والی ایک دکان میں بارودی مواد پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ دکاندار صبح کے وقت دکان کھول رہا تھا دکان کے دروازے پر نصب بارودی مواد پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دکاندار دین محمد اور ایک راہگیر شمس الرحمان جاں بحق ہوگئے۔ دھماکہ خیز مواد دکان کی دیوار کے ساتھ نصب تھا۔ علاوہ ازیں پشاور کے مضافاتی علاقے چمکنی بڈھنی روڈ پر نامعلوم بھتہ خوروں نے فلور ملز پر دستی بم سے حملہ کر دیا۔ زوردار دھماکے سے فلور ملز کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر خیبر پی کے کے علاقوں میربان اور تورڑ میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی میں 40 مارٹر گولے، 12 راکٹ، 3 راکٹ لانچرز، رائفل، کلاشنکوف برآمد کرلئے۔ اے پی پی کے مطابق ایکشن پلان کے تحت کچا کھوہ میں سرچ آپریشن کے دوران 21 مشتبہ گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر رینجرز اور پولیس نے فیض آباد کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا جس میں 17 ہوٹلوں، 41 دکانوں اور 427 افراد کی تلاشی لی گئی۔ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ ادھر کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 4 افغان باشندوں سمیت 46 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی میں اسلحہ و منشیات اور متعدد مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تحویل میں لی گئی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...