مسعود اظہر سے تفتیش ، پٹھانکوٹ ائربیس پر حملے میں ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے: سکیورٹی حکام

Feb 09, 2016

اسلام آباد (رائٹر+نیشن رپورٹ) بھارت میں پٹھانکوٹ ائر بیس پر حملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطوں کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ پاکستانی سکیورٹی حکام نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم نے جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر اور ان کے ساتھیوں سے تفتیش کی ہے ان کے پٹھانکوٹ ائر بیس پر حملے میں ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ہم نے ان کے گھروں، مدارس اور ان کے ٹھکانوں کی تلاشی لی اور کوئی مشکوک چیز نظر نہیں آئی۔ واضح رہے کہ بھارت نے الزام عائد کیا تھا کہ اس حملے میں جیش محمد ملوث ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مسعود اظہر ان کی تحویل میں رہے ہیں مگر یہ نہیں بتایا انکی رہائی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں یا نہیں۔ ان کے مطابق مسعود اظہر گروپ کے دیگر ساتھیوں کا ملوث ہونا خارج از امکان نہیں۔ نیشن رپورٹ کے مطابق نئی دہلی نے اسلام آباد کی جانب سے پٹھانکوٹ حملہ کیس میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دی گئی کلین چٹ قبول کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان تحقیقاتی ٹیم کو جلد پٹھانکوٹ بھجوانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

مزیدخبریں