سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے عرب ممالک تمام طبقات کی نمائندہ حکومتیں قائم کریں: اوباما

Feb 09, 2016

دبئی (اے ایف پی) امریکی صدر باراک اوباما نے عرب دنیا سے خطے کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام طبقات کی نمائندہ حکومتوں کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ دبئی میں ”ورلڈ گورنمنٹ سمٹ“ کے افتتاحی دن پر انہوں نے کہا جب حکومتیں اپنے شہریوں، ان کی تعلیم، مہارتوں، صحت پر سرمایہ کاری کریں گی۔ عالمی انسانی حقوق کی پاسداری کی جائے گی تو امن و خوشحالی آئے گی۔ کانفرنس سے ویڈیو خطاب میں انہوں نے کہا ہم مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں بے چینی دیکھ رہے ہیں جب حکومتیں اپنے شہریوں کا معیار زندگی بلند نہیں کرتی تو عدم استحکام اور ہنگامہ خیزی سامنے آتی ہے انہوں نے کیمپ ڈیوڈ میں گذشتہ برس 6 عرب خلیجی ممالک کے رہنماﺅں سے گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا حقیقی اور پائیدار سکیورٹی کے لیے ایسی شمولیتی حکومتوں کی ضرورت ہوتی ہیں جو تمام شہریوں کی خدمت کرتی ہوں۔ ورلڈ بنک گروپ کے صدر جم ینگ کم نے بھی اوباما کی باتوں کی تائید کی اور کہا گڈ گورننس ترقی کی بنیاد ہے۔
اوباما

مزیدخبریں