آئی سی سی کو بتا دیا‘ ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کا فیصلہ حکومت کریگی: چیئرمین پی سی بی

لاہور( نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو بتادیا کہ بھارت میںاگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میںقومی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے بارے میں فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں پی سی بی نے آئی سی سی حکام کو آگاہ کیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی کرکٹرز کی سیکورٹی کو خدشات لاحق ہیں اور ہماری حکومت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں کسی اور ملک کے نمائندے نے سیکورٹی خدشات کے باعث پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کروانے کی تجویز دی تھی ۔پاکستان کے ٹی ٹونٹی میچز بھارت کی بجائے نیوٹرل وینیو یو اے ای ،بنگلہ دیش یا سری لنکا میں ہوجائیں تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے تمام ممالک کے بورڈزکے ڈائریکٹرز سے اپریل تک بگ تھری کے بارے میں تجاویز مانگ لی ہیں اوراس حوالے سے جون میں فیصلہ ہوگا ۔پی سی بی چاہتا ہے کہ آئی سی سی میں جمہوری عمل زیادہ سے زیادہ ہو۔آئی سی سی کا چیئرمین جون میں تبدیل ہوگا اور وہ کسی ملک کے کرکٹ بورڈ کا عہدیدار نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی حیثیت برقرار رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن