احمد شہزاد یا خرم منظور کے بحیثیت اوپنر انتخاب میں کمیٹی کو مشکلات

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)احمد شہزاد یا خرم منظور کو بحیثیت اوپنر ٹیم میں رکھنے پر سلیکٹرز مشکلات کا شکار ہو کر رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق دو بڑے ٹورنامنٹس کے لیے قومی ٹیم کے اعلان میں تاخیر کی وجہ بھی یہی ہے۔ احمد شہزاد اور خرم منظور پر اتفاق رائے پیدا کرنے، سوچ بچار، سب کی رائے کو شامل کرنے اور کسی بھی اہم فیصلے سے قبل تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے ڈیڈ لائن گذرنے کے بعد بھی ٹیم کا اعلان کرنے کے لیے دو اضافی دن مانگے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کے لیے کرکٹ بورڈ کا تھنک ٹینک دو حصوں میں تقسیم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی اسکواڈ کے چودہ کھلاڑیوں پر اتفاق رائے پیدا کر چکی ہے آج اور کل احمد شہزاد اور خرم منظور میں سے کسی ایک کھلاڑی کا نام فائنل کرنے کے بعد دونوں بڑے ٹورنامنٹس کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔

حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس

ای پیپر دی نیشن