اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم 20 کروڑ عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں اور عمران خان پانامہ کو سیاسی بیساکھی کے طورپر استعمال کر رہے ہیں، عمران خان وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نئے منصوبوں کے فیتے کاٹنے سے خوف زدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، مسلم لیگ (ن) میں عہدے کیلئے قابلیت اور پی ٹی آئی میں عہدہ کیلئے اے ٹی ایم اور جھوٹ کی مشین ہونا ضروری ہے۔ عمران خان کے پی کے میں احتساب کمشن کو تالا لگانے کے بعد کس منہ سے احتساب کی بات کرتے ہیں، وفاق نے سندھ میں صوبے کی بہتری کیلئے لوگ تعینات کیے گورنر محمد زبیر اس ویژن کا ثبوت ہے، عمران خان خیبر پی کے کے لوگوں کیلئے کام اور پاکستان سے محبت کریں۔ تحریک انصاف نفرت، تعصب اور انتشار کی سیاست سے گریز کرے۔ نواز شریف کو پاکستان کے مسائل کی فکر ہے اور عمران خان کو صرف اپنے اقتدار کی۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب 20 کروڑ عوام کی خواہش ہے کہ کبھی آپ کے منہ سے اچھی بات نکلے، عمران خان صاحب اب جھوٹ بولنے سے کچھ نہیں ہو گا آپ کو کے پی کے میں کام کرنا ہو گا۔ قطر کے سفیر کا بیان شریف فیملی کے موقف کی تائید ہے پی ٹی آئی جھوٹ بول کر پاکستان کے عوام کو گمراہ نہ کرے، عمران خان الیکشن کمیشن میں استثنیٰ لینے کے بجائے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ اور اپنی آف شور کمپنی کو نہ ڈ کلیئر کرنے کا جواب دیں۔ عمران خان کے پی کے کے لوگوں کے لیے کام کریں پاکستان سے محبت کریں، نفرت تعصب اور انتشار کی سیاست سے گریز کریں، اگر وزیراعظم سے مقابلہ کرنا ہے تو تعمیری سیاست اپنانا ہو گی۔ ورکشاپ سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے بھارت کو خود نقصان ہو گا، معاہدے کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی بنا رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔