نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی سرحدی فوجی بی ایس ایف میں اعلیٰ افسروں کی کرپشن، راشن بیچ کر کھا جانے اور جوانوں کو بھوکا مارنے کا فیس بک وڈیو کے ذریعے بھانڈہ پھوڑنے والا اہلکار تیج بہادر یادیو لاپتہ ہوگیا۔
گزشتہ روز نئی دہلی میں تیج بہادر کی بیوی شرمیلا اور بھائی رنبیر سنگھ نے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما سے ملاقات کی اور ان سے استدعا کی کہ تیج بہادر کی سزا ختم کرکے اس سے اس کی بیوی بچوںکی ملاقات کرائی جائے تاہم ڈی جی بی ایس ایف نے انہیں طفل تسلیاں دے کر باہر بھجوا دیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تیج بہادر کے بہنوئی وجے نے کہا کہ ہم نے تیج بہادر کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے لئے بی ایس ایف سے رجو ع کیا ہے مگر ہمیں بتایا گیا ہے کہ رضاکارانہ ریٹائرمنٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ہم نے بی ایس ایف حکام کو تیج بہادر کا پتہ چلانے کیلئے کئی خطوط لکھے ہیں مگر کوئی ہمیں جواب نہیں دے رہا۔